جمعرات 19 نومبر 2026 - 10:50
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر حوزہ علمیہ امام صادقؑ نیو ممبئی میں تعزیتی نشست

حوزہ/ حوزہ علمیہ امام صادقؑ، واشی، نیو ممبئی میں مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں اساتذۂ کرام نے ان کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ امام صادقؑ، واشی، نیو ممبئی میں عالمِ تشیع کی عظیم علمی و دینی شخصیت، مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حوزہ علمیہ کے اساتذۂ کرام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی، دینی اور روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ اسلام، بالخصوص مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام اور حوزاتِ علمیہ کے لئے ایک عظیم علمی و روحانی خسارہ ہے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی تحصیلِ علم، تحقیق، تدریس، تبلیغِ دین اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت میں صرف کی۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ آپ نے نجف اشرف کے علمی ماحول میں جید اور نامور اساتذہ سے کسبِ فیض کیا اور بالخصوص آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئیؒ کی علمی مجالس سے استفادہ کیا۔ فقہ و اصولِ فقہ میں آپ کی گہری بصیرت، دقیق نظری، وسعتِ مطالعہ اور غیر معمولی تحقیقی صلاحیت نے آپ کو عالمِ تشیع کی ممتاز علمی شخصیات میں نمایاں مقام عطا کیا۔

آپ کے دروسِ خارجِ فقہ و اصول تحقیق، استدلال، تنقید اور علمی جستجو کے اہم مراکز تھے، جہاں علومِ اسلامی کے دقیق مباحث کو عالمانہ انداز میں پیش کیا جاتا تھا۔ آپ کا طرزِ تدریس، مضبوط استدلال، علمی متانت اور سابقہ فقہاء و اصولیین کے نظریات کا گہرا تجزیہ طلبہ اور اہلِ علم کے لئے روشن مثال تھا۔ آپ کے علمی حلقوں سے بے شمار فضلاء، علماء اور ممتاز اساتذہ نے استفادہ کیا۔

تعزیتی پیغام میں حضرت آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کے ایک نمایاں پہلو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اہلِ بیت عصمت و طہارت علیہم السلام سے آپ کی والہانہ محبت اور عقیدت، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور مصائبِ اہلِ بیت علیہم السلام سے آپ کی قلبی وابستگی نہایت نمایاں تھی۔ مجالسِ عزاداری، شعائرِ دینی کے تحفظ، امامت و ولایت کے دفاع اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی اشاعت کے لئے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اسی طرح یتیموں اور ضرورت مندوں کی سرپرستی اور دینی و علمی اداروں کی خدمت بھی آپ کی زندگی کے قابلِ قدر پہلوؤں میں شامل تھی۔

پیغام میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ آپ کی رحلت سے حوزاتِ علمیہ ایک عظیم استاد، صاحبِ نظر فقیہ اور محقق سے محروم ہوگئے ہیں، تاہم آپ کی علمی و تحقیقی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مدتوں مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

اس تعزیتی نشست میں حجۃ الاسلام والمسلمین آقای شیخ محسن علی ناصری، مدیر حوزہ علمیہ امام صادقؑ، واشی، نیو ممبئی؛ حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی عباس رضوی، نائب مدیر حوزہ علمیہ امام صادقؑ؛ حجۃ الاسلام والمسلمین دعبل اصغر خان؛ حجۃ الاسلام والمسلمین سید نذیر حسن؛ حجۃ الاسلام والمسلمین سید عابد رضا اور حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید علی رضا نقوی موجود تھے۔

حوزہ علمیہ امام صادقؑ، واشی، نیو ممبئی کے اساتذۂ کرام اور تمام وابستگان نے اس عظیم سانحے پر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، بالخصوص مرحوم کے معزز فرزندان، اہلِ خانہ، شاگردوں، متعلقین، مقلدین اور محبین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

آخر میں بارگاہِ خداوندی میں دعا کی گئی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ رحمتِ الٰہی میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور انہیں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے جوار میں محشور فرمائے، نیز پسماندگان، شاگردوں اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔

آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر حوزہ علمیہ امام صادقؑ نیو ممبئی میں تعزیتی نشست

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha